پشاور (مانند نیوز ڈیسک) ملک بھر سمیت صوبائی دارالحکومت پشاور میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں اور شہریوں کی جانب سے یوم آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے بھرپور انتظامات کئے جارہے ہیں۔شہر بھر کے مختلف بازاروں میں سبز پرچموں کی بہار ہے جبکہ دیدہ زیب بیجز کے سٹالوں پر بچوں اور بڑوں کا رش بڑھ گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پورے ملک سمیت صوبائی دارالحکومت پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع میں جشن آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور شہریوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔پشاورکے قصہ خوانی بازار کو سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجا دیاگیا ہے جبکہ ہشت نگری،کریم پورہ اور گھنٹہ گھر کو بھی برقی قمقموں سمیت جھنڈیوں سے سجایا جارہا ہے۔اسی طرح سرکاری و قومی عمارتوں کو بھی انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجانے کا کام جاری ہے۔نوشہرہ،چارسدہ،مردان،سوات،ڈی آئی خان اور صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں بھر پور طریقے سے جاری ہیں۔تاجروں نے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کیلئے قومی پرچموں اور رنگین شرٹس سمیت بیجز اور دیگر اشیاء دکانوں پر سجا رکھی ہیں۔
