پشاور (مانند نیوز ڈیسک) پشاورمیں شدید ترین گرمی اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث جنریٹر اور یو پی ایس کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ خیبر بازار سمیت پشاور صدر اور دیگر علاقوں میں مذکورہ کاروبار سے وابستہ افراد نے بڑھتے ہوئے رش کو دیکھ کر از خود قیمتوں کو بڑھا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پشاورمیں شدید ترین گرمی اور غیر اعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام نے متبادل کے طور پر جنریٹر اور یو پی ایس و سولر کی خریداری کیلئے بازاروں کا رخ کر لیا ہے جبکہ خیبر بازار اور صدر سمیت دیگر علاقوں میں دکانداروں نے بڑھتے ہوئے رش کو دیکھ کر قیمتوں کو بڑھا دیا ہے۔چھوٹے اور درمیانے سائز کے جنریٹر کی قیمت میں 4سے5ہزار روپے اضافہ کر دیاگیا ہے جبکہ بڑے سائز کے جنریٹر کی قیمت کو 10ہزار بڑھایاگیا ہے۔اسی طرح یو پی ایس اور بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے بجائے منظر سے غائب ہے۔
