0

ملک بھرمیں یوم دفاع پاکستان ملی جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد،راولپنڈی، لاہور، کراچی (مانند نیوز ڈیسک) یوم دفاع پاکستان ملک بھر میں ملی جذبے سے منایا گیا، اس سلسلے میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا،شہدا کیلئے  فاتحہ خوانی کی گئی اور خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق  ملک بھر میں یوم دفاع کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا  جبکہ شہدا کے لیے فاتحہ  خوانی کی گئی اور خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اس کے علاوہ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا،یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار اور کورونا وائرس کے باعث محدود تقریبات  کا اہتمام کیا گیا، 1965 ء کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اور نشان حیدر پانے والے شہدا کی یادگاروں پر پھول  رکھنے  کے علاو فاتحہ خوانی کی گئی   ۔یوم دفاع کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں  اصغر خان اکیڈمی کے  کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالئے جبکہ فرائض سنبھالنے والے گارڈز میں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔اس موقع پر مہمان خصوصی کو جنرل سیلوٹ پیش کیا گیا جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی نے گارڈ آف آ نر کا معائنہ کیا، مزار پر پھول  رکھے  اور فاتحہ خوانی کی،مہمان خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔  تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے  وائس ایئر  مارشل شکیل غضنفر نے کہا کہ  6 ستمبر  کو پاک فوج کے جوانوں نے جوان مردی سے دشمن کا مقابلہ کیا، ہماری قوم کو پاک فوج کی اعلیٰ کارکردگی پر فخر ہے اور ہم وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کے ممنون ہیں۔انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو قومی سلامتی کو سب سے بڑا خطرہ درپیش ہوا تھا اور ہماری فوج نے پاکستان کی بقا کی جنگ لڑی گئی جس میں ہمارا مقابلہ کئی گنا بڑے دشمن سے تھا لیکن پاک فوج کے جوانوں نے جان کی بازی لگا کر دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کیا، پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھارتی ٹینکس کو نیست و نابود کردیا، پاکستان فضائیہ کے طیاروں نے دشمن کے ٹھکانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا ۔  وائس ایئر  مارشل نے کہا کہ ہماری قوم کو اعتماد ہے کہ ہماری سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہے۔  6 ستمبر ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن راہ نجات، ردالفساد کی کامیابیاں قوم کے سامنے ہیں، پاکستان کی فضائی سرحدیں ناقابل تسخیر ہیں، پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019 کو بھارت کو بھر پور جواب دیا۔ملک کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں یوم دفاع کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آرمی چیف نے اس موقع پر یاد گار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، تقریب کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم دفاع  پاکستان و یوم شہداء کے موقع پر جاری کیا گیا ملی نغمہ بھی سنایا گیا۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پنجاب رینجرز کے چاق چو بند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے اور سلامی پیش کی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی یادگار شہدا پر یوم دفاع کی تقریب ہوئی۔ نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، تقریب کے آخر میں نیول چیف نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی اور تحائف پیش کئے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں