واشنگٹن (مانند نیوز ڈیسک) کیلیفورنیا کے جنگلات کی آگ نے 22 ہزار ایکڑ رقبے کو لپیٹ میں لے لیا، سیکڑوں افراد کو متاثرہ علاقے سے نکال لیا گیا،12افراد زخمی ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلفورنیا کے جنگلات میں آگ نے 22ہزار ایکڑ رقبے کو لپیٹ میں لے لیا،آتشزدگی سے 12 افراد زخمی ہو گئے،آگ سے متاثرہ علاقے میں پھنسے 200 سے زائد افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا گیا۔ تیز ہوائیں آگ پھیلنے کا سبب بن رہی ہیں۔کیلیفورنیا کے جنگلات میں 9 سو مقامات پر لگی آگ سے 3 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔ علاقے میں جلے ہوئے گھر جابجا نظر آتے ہیں جبکہ کچھ عرصہ قبل موجود سرسبز جنگل اب خاک آلود ویرانے کا منظر پیش کر رہا ہے، آگ سے متاثرہ رقبے کے نزدیکی شہر میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ گیا۔واضح رہے امریکہ میں تقریبا ہر سال جنگلات میں آگ لگتی ہے جس کے سبب لاکھوں ایکڑ علاقہ متاثر ہوتا ہے، امریکی حکام جدید ترین ٹیکنالوجی کے باوجود آگ لگنے کے واقعات کو روک نہیں سکے۔
