بنوں (مانند نیوز ڈیسک) ضلع بنوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پرکام کی رفتار، معیار اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان، چیئرمین ڈیڈک کمیٹی بنوں ملک پختون یار خان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)محمد زبیر خان نیازی و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اس سلسلے میں تمام ترقیاتی منصوبوں کی ازخود نگرانی کر رہا ہوں تاکہ یہ منصوبے مقررہ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کئے جا سکے اور عام عوام اس کے ثمرات سے جلد از جلدمستفید ہو سکے۔ کمشنر نے سنٹرل جیل بنوں میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کئے اورکہا کہ قیدیوں کے حالتِ زار بہتر بنانے کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ قیدی بھی انسان ہیں اور ان کے مسائل کے حوالے سے بخوبی آگاہ ہوں۔ کمشنرنے متعلقہ حکام سے بنوں میڈیکل کالج سے متعلق کام سے متعلق دریافت کیا اور کہا کہ ایک مہینے کے اند ر اندر ایڈمنسٹریشن بلاک اور دو مہینے میں اکیڈیمیکس بلاک کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے کہا کہ تحصیل بکا خیل بلڈنگ کی تعمیر کے لئے موزوں جگہ تبلیغی مرکز کے ساتھ والی زمین ہے کیونکہ یہ تمام اقوام کے وسط میں واقع زمین ہے اور اس پر تمام اقوام اتفاق رکھتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کیڈٹ کالج کی تعمیر کے سلسلے میں کہا کہ اس پسماندہ علاقے کیلئے کیڈٹ کالج کا قیام کسی نعمت سے کم نہیں لہٰذا اس کی تعمیر کے سلسلے میں زمین کی فراہمی اور موزوں جگہ کے انتخاب کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اور جلد از جلد اس کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔صوبائی وزیر شاہ محمد نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے درکار فنڈ کی فراہمی کے سلسلے میں خود تگ ودود کرونگا تاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے ثمرات سے عام عوام جلد سے جلد مستفید ہوسکے۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈیڈک چیئرمین بنوں ملک پختون یا ر خان نے متعدد پراجیکٹس کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلداز جلد تکمیل کے سلسلے میں صوبائی حکومت پوری جانفشانی اور خلوص کے ساتھ مصروفِ عمل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی گنجائش نہیں۔ بعدا زاں کمشنر بنوں نے مختلف محکموں کے سربراہاں کی اجلاسوں میں عدم دلچسپی پربرہمی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ آئندہ تمام محکموں کے سرابراہاں اجلاسوں میں شرکت کریں اور اپنے نمائندے بھیجنے کی بجائے خود حاضری کریں بصورت ِ دیگر سخت کاروائی کرنا پڑے گی۔
