0

موٹر وے زیادتی کیس‘مرکزی ملزمان کا تیسرا ساتھی بھی گرفتار

لاہور (مانند نیوز ڈیسک) پولیس نے موٹروے زیادتی کیس میں مرکزی ملزم عابد اور شفقت کے تیسرے مبینہ ساتھی  اقبال عرف بالا مستری کو بھی گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم وقار اور عباس کی نشاندہی پر بالا مستری کو چیچہ وطنی میں کارروائی کرکے حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بالا مستری بھی مرکزی ملزم عابد کے ساتھ مختلف وارداتوں میں شریک رہا ہے، ملزم شفقت، عابد اور بالا مستری نے مل کر تقریبا ً11وارداتیں کیں۔پولیس کے مطابق ملزم بالا مستری نے بتایا کہ وہ عابد اور شفقت کے ساتھ مل کر کرول گاؤں کے قریب لوٹ مار کرتے تھے جہاں وہ درخت کے تنے سڑک پر رکھ کر گاڑیاں روکتے تھے اور ان میں موجود شہریوں سے وارداتیں کرتے تھے۔پولیس کے مطابق ملزم نے مزید بتایا کہ موٹروے پر وہ بھی عابد اور شفقت کے ساتھ واردات کی نیت سے ہی نکلا تھا لیکن آدھے راستے سے ہی واپس چلا گیا،واردات کے بعد مفروری سے قبل عابد علی نے اقبال عرف بالا مستری سے رابطہ کیا تھا۔ پولیس کو اقبال عرف بالا مستری سے عابد کے متعلق کافی معلومات ملی ہیں۔دوسری جانب پولیس موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے جس میں اب تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں