0

مالاکنڈ ڈپٹی کمشنر نے جرائم کے خاتمے کا عزم کرلیا

         تھانہ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر /کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے ضلع ملاکنڈ کو ہر قسم کے جرائم پیشہ عناصر،منشیات فروشوں اور چوروں سے پاک صاف کرنے اور امن و امان  کے لحاظ سے ایک پر امن مثالی ضلع بنانے کا عزم کر رکھا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ضلع بھر میں ہر قسم کے ڈرگز میں ملوث غنڈہ گردوں اور ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور طریقے سے کریک ڈاؤن زور و شور سے جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنمنٹ سینیٹینل ماڈل سکول تھانہ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رحمت علی وزیر،اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد،تمام محکموں کے ضلعی افسران و اہلکاروں کے علاوہ علاقے کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کچہری میں علاقے کے لوگوں نے درپیش اجتماعی و انفرادی مسائل و مشکلات کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تفصیل سے آگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل صحت،سوئی گیس،بجلی،پینے کے صاف پانی کی فراہمی،چوری کے وارداتوں اور منشیات فروشی کے خاتمے،پلے گراؤنڈ وں میں کھیل کود کے لیے بچوں کو اجازت دینے سے متعلق تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بیشتر مسائل اور مشکلات کو موقع پر حل کرنے کے لیے متعلقہ ضلعی افسروں کو ہدایت کی۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے تمام مسائل و مشکلات کو من و عن حل کرنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائینگے۔اس موقع پر انہوں نے لیوی پوسٹ کمانڈر تھانہ کو ہدایت کی کہ وہ علاقے میں اجنبی گداگروں کو اپنے حدود میں نہ چھوڑیں کیونکہ ان کی وجہ سے امن و امان اور چوری کے واردات رونما ہوئے ہیں اس موقع پر انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ منشیات اور خاص کر آئس کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کی جان ومال،عزت نفس کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اس موقع پر انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تھا نہ بازار میں ناجائز تجاوزات کو فوری طور ہٹایا جائے اور سٹرکوں کو ٹریفک کے لیے روا دواں رکھیں۔انہوں نے ایس ڈی او پسکو کو بھی ہدایت کی کہ بجلی کے لائنوں میں تمام بوسیدہ تاروں کو تبدیل کیا جائے  تاکہ کسی حادثے کا شکار نہ بن سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام ضلعی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں اور عوام کے مسائل ومشکلات کا بروقت ازالہ کرنے کے لیے اپنی تما م صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں بصورت دیگر عوام کے مسائل میں لیت و لعل سے کام لینے والے ملوث افسر یا اہلکار کو ہرگز نہیں چھوڑینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسر و اہلکار انپے فرائض منصبی نہایت خلوص نیت کے جذبے سے سرشار ہوکر ادا کریں اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچانے کے لیے کام کریں۔آخر میں علاقے کے لوگوں نے کھلی کچہری کے انعقاد اور مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں