واشنگٹن (مانند نیوز ڈیسک) مائیکروسوفٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس2022 میں ختم ہو جائے گی اور یہ وبائی مرض غیر معینہ مدت تک نہیں چلے گا۔ غیرملکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ2021 میں زندگی معمول پر آجائے اور ویکسین کے استعمال سے امریکہ میں کیسز بھی کم ہو جائیں گے۔بل گیٹس نے کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے دنیا کو650 ملین ڈالر کی امداد دی ہے جو کہ کسی بھی انفرادی شخص کی جانب سے دی گئی سب سے زیادہ امداد ہے۔ اس رقم کو ویکسین بنانے اور غریب ممالک تک پہنچانے میں استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں وبائی مرض کا خاتمہ کرنے کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ یہ دوبارہ نہ آئے۔ انٹرویو کے دوران بل گیٹس کا کہنا تھا کورونا وائرس کی ویکسین2021 کے آغاز میں تیار ہونے کی امید ہے۔ مائیکروسوفٹ کے بانی کا کہنا تھا کہ اگر عالمی سطح پر یکساں اقدامات کیے جائیں تو2021 میں کیسز کی تعداد کافی کم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار ویکسین تیار ہوگئی تو پھر ہمیں اس کی بلا تفریق فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا اور صرف امیروں کو تقسیم کرنے سے وبا ختم نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران ترقی پذیر ممالک میں ویکسینیشن کی شرح میں 14 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ پہلی بار غربت بڑھ رہی ہے جس سے تعلیم اور ذہنی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ کورونا وائرس دو سالوں کے اندر ختم ہو جائے گا۔
