مالاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک نے ضلع بھر کے تمام لیوی پوسٹ کمانڈروں کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شرپسند عناصر،منشیات فروشوں اور دیگر جرائم میں ملوث مجرموں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے ان کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے بروقت قانونی کاروائی عمل میں لائے۔یہ ہدایات انہوں نے پیر کے روز یہاں سے جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں دی۔انہوں نے پوسٹ کمانڈروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ باقاعدگی کے ساتھ رات کے وقت اپنے اپنے حدود میں گشت اور ناکہ بندیاں کی جائیں اور مشکوک اشخاص کی جانچ پڑ تال کرتے ہوئے شناخت کی جائے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اشتہاری مجرموں کی گرفتاری میں عوام لیویز فورس کا بھر پور ساتھ دیں تاکہ معاشرے سے ہر قسم کی ڈرگز کے ناسور سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے اور ضلع ملاکنڈ کو ہر قسم کی سماجی و معاشرتی برائیوں سمیت جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرکے ایک پر امن مثالی معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلے میں لیویز پوسٹ کے کمانڈروں کو خصوصی ٹاسک دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی نہایت خلوص نیت اور ایمانداری کے جزبے سے سرشار ہوکر انجام دیں اور ان جرائم پیشہ ناسور کے ساتھ سختی سے قلع قمع کریں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
