0

گھر کی دہلیز پرتعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ،وزیراعلیٰ کے پی

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شانگلہ کے دو ہائیر سیکنڈری سکولوں نیلونی اور شاپور میں ایوننگ شفٹ شروع کرنے کی اْصولی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلبا و طالبات کو ان کے گھر کی دہلیز پرتعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ صوبے کے سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر بنانے اور ان اسکولوں میں تمام تر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے موثر اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں صوبائی حکومت کے  اصلاحاتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں اور سرکاری اسکولوں میں درس و تدریس کا معیار بہتر ہوتا جا رہا ہے جسے مزید بہتر بنانے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے۔   وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ تعلیم سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم شہرام تراکئی کے علاوہ صوبائی وزراء شوکت علی یوسفزئی، اکبر ایوب خان اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی نے مذکورہ اسکولوں میں سکینڈ شفٹ شروع کرنے کی ضرورت کے بارے میں وزیراعلیٰ کو  بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع شانگلہ کے مذکورہ علاقوں میں طلباء و طالبات کی تعداد زیادہ ہے جبکہ سکولوں میں استعداد کم ہے جس کی وجہ سے طلباء و طالبات کو تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اْنہوں نے آگاہ کیا کہ مقامی عوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ ہائر سیکنڈری سکول نیلونی اور ہائیر سیکنڈری سکول شاپور میں ایوننگ شفٹ کا اجرائکیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے طلباء و طالبات کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ سکولوں میں ایوننگ شفٹ شروع کرنے کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اْٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ صوبے میں معیاری تعلیم و تدریس کو فروغ دینا حکومت کے اولین اہداف میں شامل ہے۔ اس مقصد کیلئے ضرورت کی بنیاد پر نئے سکولوں کے قیام سمیت  پہلے سے موجود سکولوں کا استعداد بڑھایا جا رہا ہے۔ محمود خان نے کہاکہ تعلیم ہمیشہ سے معاشرے کی اولین ضرورت رہی ہے جس کے بغیر ایک خوشحال اور کامیاب معاشرے کی تشکیل ممکن ہی نہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو صوبے کے مختلف اضلاع میں سکولوں کی سٹینڈرڈائزیشن اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ تعلیم کے شعبے کی بہتری  کے حوالے سے حکومتی اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں