0

نواز شریف کی زمین اور ملز میں شیئرز کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے اشتہاری قراردیئے  گئے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زمین اور ملز میں شیئرز کی  مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔ نیب کے تفتیشی افسر محمد راحیل اعظم نے رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کروادی۔ توشہ خانہ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی جانب سے نواز شریف کی جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کئے  گئے تھے۔نیب کے تفتیشی افسر کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف کے اثاثوں کی معلومات حاصل کرنے کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ایس ای سی پی کو خطوط لکھے گئے تھے اور انہوں نے جو جواب دیا ہے اس کی روشنی میں یہ رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق نواز شریف کے چار کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔ محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف کے چار لاکھ 67ہزار950شیئرزہیں، حدیبیہ پیپر ملز میں نواز شریف کے تین لاکھ 43ہزار425شیئرز ہیں، حدیبیہ انجیئنرنگ کمپنی میں نواز شریف کے شیئرز کی تعداد22,213ہے جبکہ اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں نوازشریف48,606شیئرز کے مالک ہیں جبکہ نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں تین غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس سمیت آٹھ اکاؤنٹس ہیں۔ نیب کے مطابق نوازشریف کے پانچ بینک اکاؤنٹس میں چھ لاکھ 12ہزارروپے موجود ہیں۔جبکہ نوازشریف کے تین غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں 566یورو، 698امریکی ڈالرز اور498برطانوی پاؤنڈز ہیں۔ نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایل ڈی اے لاہور اور شیخوپورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اے سی مری اور گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے رپورٹ دی اور انہوں نے بتایا کہ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخوپورہ، مری اور ایبٹ آبار میں جائیدادیں ہیں۔رپورٹ کے مطابق مری میں بنگلا، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15کنال کا مکان اور اپر مال لاہور میں جائیداد شامل ہے جبکہ نواز زشریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752کنال سے زائد زرعی اراضی شامل ہے۔ لاہور کے موضع مانک میں 936کنال، موضع بڈوکسانی میں  299کنال، لاہور کے موضع مال رائیونڈ میں 103کنال، موضع سلطان کے میں 312کنال جبکہ شیخوپورہ کے موضع منڈیالی میں 14کنال اور موضع فیروزوطن میں 88کنال زرعی اراضی شا مل ہے جبکہ نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد ٹیکسیشن آفس سے حاصل کردہ ریکارڈ کے مطابق نواز شریف کے نام پر تین گاڑیاں ہیں  جن میں ایک لینڈ کروزر، دو مرسڈیز  شامل ہیں۔ جبکہ نوازشریف کے نام پر دو ٹریکٹرز بھی رجسٹرڈ  ہیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں