پشاور (مانند نیوز ڈیسک) صوبائی وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے تعلیمی بورڈ سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ ہرامتحانی ہال میں مانیٹرنگ کیلئے کیمرے نصب کئے جائیں۔ بغیرکیمروں کے کسی بھی سکول کو امتحانی ہال نہیں دیاجائیگا۔ میرٹ اور شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی بورڈز کے مختلف ٹینڈرز کیلئے فوری طور پر ای ٹینڈر سسٹم کا اجراء کریں۔ ای ٹینڈرنگ سے وقت کی بچت ہوگی اور ہر قسم کی مداخلت بھی ختم ہوجائیگی۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ تعلیمی بورڈز طلباء وطالبات کو سہولیات اورآسانیاں فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے تعلیمی بورڈز کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری‘ سپیشل سیکرٹری ظریف المعانی اور تعلیمی بورڈز کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیرتعلیم نے کہاکہ طلباء وطالبات کے مسائل فوری حل کرنے کیلئے ون ونڈو آپریشن سسٹم کو مزید فعال بنادیاجائے اور خواتین کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ طلباء کی سہولت کیلئے فیس جمع کرنے کے نظام کو آن لائن اور آسان بنایاجائے اور بورڈ کسی بھی قسم کے نقد پیسے وصول نہ کریں۔ پیسوں کا پورا نظام آن لائن ہو۔ شہرام خان ترکئی نے بورڈ پیپرز میں رٹہ سسٹم کے خاتمے اورجدت لانے کیلئے ڈی سی ٹی ای اور بورڈز سربراہان کو ہدایت کی کہ فوری طور پر پرچہ جا ت کے امتحانی مواد کو از سرنو تشکیل دیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ امتحانی نظام میں بہتری لانے کیلئے ہر امتحانی ہال کی مانیٹرنگ ہوگی اور اساتذہ کی ڈیوٹیوں کیلئے بھی ایک جامع اور موثر نظام وضع کریں گے۔ صوبائی وزیرتعلیم کو تعلیمی بورڈز کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
