بنوں (مانند نیوز ڈیسک) عام غریب لوگوں کو اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے بنوں فروٹ سبزی مارکیٹوں کے اچانک دورے کیے۔ اس موقع پر پھل اور سبزیوں کے بولیوں کے دوران متعدد نقائص کی نشاندہی کرکے متعلقہ سبزی ڈیلرزاور ایجنٹوں کو فی الفور ان کوتاہیوں کو دورکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ عام غریب لوگوں کو اشیائے خورد نوش کی مقررہ قیمتوں پردستیابی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن روزانہ کی بنیاد پر معائنے کئے جائینگے۔ کمشنر نے کہا کہ حکومتی ریٹ سے زیادہ وصولیوں کی صورت میں سخت کاروائی کرینگے اور غریب لوگوں کے جیبوں پرڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے۔ کمشنر نے لوگوں کے شکایات کے ازالے کیلئے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے غریب لوگوں کے ساتھ ساتھ اللہ کے بھی مجرم ہیں اس لئے ان کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ کمشنر نے مزید کہا کہ حکومتی ترجیحات کے مطابق عام غریب لوگوں کی روزمرہ کے استعمال کی اشیاء مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیں گے اور سرکاری نرخنامے کے ریٹس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق ضلعی انتظامیہ کو بروقت آگاہ کریں تاکہ بروقت ایکشن لیا جا سکے اور عام غریب لوگو ں کو ریلیف دی جا سکے۔
