پشاور (مانند نیوز ڈیسک) ملک کے دیگر حصوں کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہونے پر شہریوں کی پریشانی اور مشکلات بڑھ گئی ہیں۔20کلو آٹے کا تھیلا1500روپے تک جا پہنچا ہے جبکہ سبزیوں،پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بھی بڑھا دیاگیا ہے۔فارمی انڈے فی درجن 150جبکہ دیسی انڈے 240روپے تک جا پہنچے ہیں۔انگور 200 روپے کلو،سیب 150، املوک 100، کیلا 120روپے درجن جبکہ امرود 150 روپے کلو میں فروخت کئے جارہے ہیں۔سبزی نرخنامے کے مطابق آلو سرخ 80روپے کلو، پیاز 70، ٹماٹر 100 لیموں 90 روپے کلو، مٹر 170، بھنڈی 80، گوبھی 50 جبکہ کریلا 70 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔اسی طرح ایک ماہ کے دوران دالوں چاول او چینی کی قیمتوں میں 30 سے 40 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ گرانفروشوں سے نمٹنے میں ناکام ہے۔حکومت ملک میں بڑھتی مہنگائی روکنے کے لئے اقدامات نہیں کر رہی۔
