ہنگو(مانند نیوز ڈیسک) ٹل میں کورونا سیکنڈ لہر سے بچاوؑ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔ڈاکٹرز بین الاقوامی تنظیم ایم ڈی ایم اور ویلج ہیلتھ کمیٹی کے زیراہتمام سیمنار میں ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹل ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن،ڈی،ایم ایس ڈاکٹر ثواب گل اور سوشل موبلائزر عبداللہ بنگش سمیت سکول پرنسپلز،سیاسی وسماجی شخصیات اور ہسپتال سٹاف نے شرکت کی۔سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا بھر سمیت پاکستانی عوام کافی متاثر ہوئے۔ان کاکہنا تھا کہ پہلے لہر کے بعد سیکنڈ لہر کیلئے ہمیں ابھی سے چوکنا رہنا چاہیئے، ان کا مذید کہنا تھا کہ اللہ نہ کرے کہ سیکنڈ لہر اس سے مختلف نہ ہو ورنہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیساتھ فوری اقدامات کیلئے مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔سیمنار سے سوشل موبلائزر عبداللہ بنگش نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم ڈی ایم ٹل سمیت تحصیل ٹل کے دیگر یونین کونسلز میں ہیلتھ سے متعلق اگاہی واک، سیمنارز اور کیمپوں کا انعقاد کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کے ساتھ ہمیں شانہ بشانہ ہوکر عوامی مسائل کے حل میں کردار ادا کرنا چاہیئے۔تقریب میں شامل شرکا نے ایم ڈی ایم اور ویلج ہیلتھ کمیٹی کے کردار کو سراہا۔
