نئی دہلی (مانند نیوز ڈیسک) بھارت کی شمال مشرقی ریاست میگھالیا میں 80 سالہ بزرگ کو جادو کرنے کے شک کی بنیاد پر زمین میں زندہ دفن کردیا گیا جس کے باعث دم گھٹنے سے بزرگ شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔واقعے میں ملوث 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس میں تین بزرگ شہری کے اپنے بھتیجے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشتہ داروں نے بزرگ شہری پر الزام عائد کیا کہ وہ ہم پر جادو کرتا ہے، اس سے چھٹکارا پانے کے لیے انہوں نے معمر شخص کو زبردستی گھر سے نکالا اور ہاتھ پاؤں باندھ کر 5 فٹ گہرے گڑھے میں دفن کردیا۔سپرنٹنڈنٹ پولیس کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث 8افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بزرگ شہری کی پتھروں سے ڈھکی نعش جس پر RIPکنندہ تھا سمیت نعش برآمد کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول کے ہاتھ اس کی پیٹھ سے بندھے ہوئے تھے اور اس کی ٹانگیں بوری میں ڈھکی ہوئی تھیں جنہیں رسی سے باندھا گیا تھا۔
