0

پنجاب میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اہم اقدامات

لاہور (مانند نیوز ڈیسک) بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے اہم اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب حکومت نے فلور ملز کو روزانہ مزید دوزہزار میٹرک ٹن گندم ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قیمتوں اور آٹے کی فراہمی کے حوالہ سے نگران کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مہنگائی کے خلاف ٹائیگر فورس کے کردار کا بھی تعین کردیا گیا۔ ٹائیگر فورس مہنگائی کے خلاف تھرڈ پارٹی کے طور پر کام کرے گی۔ کسی بھی قسم کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس ہو گی۔ پنجاب حکومت روزنہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کرے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مہنگائی کے خلاف نوٹس لینے کے بعد وفاقی اور پنجاب حکومت کے اجلاسوں کے بعد جو مشترکہ حکمت عملی طے کی گئی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے جائیں گے جس کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منظوری دے دی ہے۔ فوری طور پر پنجاب حکومت کی جانب سے فلور ملز کو سرکاری گندم کی ریلیز بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور روزانہ 17ہزار میٹرک ٹن سے بڑھا کر اسے 19ہزار میٹرک ٹن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ گندم کی ریلیز کو 21ہزار میٹرک ٹن روزانہ تک بڑھایا جائے گا۔جبکہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے لئے انسپیکشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جن میں متعلقہ وزراء، سیکرٹریز اور ضلعی افسران شامل ہوں گے اور یہ کمیٹیاں اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالہ سے اپنا کردار ادا کریں گی۔ ٹائیگر فورس کے کردار کا بھی تعین کردیا گیا ہے، ٹائیگر فورس براہ راست کوئی ایکشن نہیں لے گی اور وہ تھرڈ پارٹی کے طور پر حکومت کو فیڈبیک دے گی۔ ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء کی فروخت اسسٹنٹ کمشنرز کی ذمہ داری ہو گی جو علاقہ میں سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء خوردونوش فروخت نہیں ہوں گی ان اسسٹنٹ کمشنرز کو عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔ جبکہ صوبہ پنجاب میں گنے کے کرشنگ سیزن کا آغاز 10نومبر سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ چینی کی کمی کا مسئلہ حل ہو سکے۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ جن اشیاء کی کمی ہو گی، ان اشیاء کو درآمد کرنے کے لئے وفاق کو سفارش کی جائے گی۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ عوام کو حکومت سے توقعات ہیں اور حکومت ان توقعات پر پورا اترے گی اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہو گا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں