کراچی (مانند نیوز ڈیسک) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے خاتون کو ہراساں کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کی شکایت پر گلستان جوہر میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص موبائل فون ریپئرنگ کی دکان چلا رہا تھا، وہ خواتین سے رابطہ کر کے انہیں شادی کی پیش کش کرتا اور تصاویر منگوا کر انہیں ہراساں کرتا تھا۔متاثرہ خاتون نے بتایا کہ انہوں نے اپنا موبائل ٹھیک کروانے کے لیے دکان پر دیا تو دکاندار نے نمبر نکالا اور پھر شادی کے لیے رابطہ کیا، جب تصاویر بھیجیں تو پھر انہیں ایڈیٹ کر کے گھر والوں کو بھیجنے کی دھمکیاں دینے لگا۔خاتون کئی روز تک اس صورت حال کا سامنا کرتی رہیں جس کے بعد انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دائر کی جس پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملزم کو گرفتار کر کے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
