0

بنوں، گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

          بنوں (مانند نیوز ڈیسک) کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا ہے اور 25گرانفروشوں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ روپے سے زیادہ جرمانے وصول کئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی طرف سے جاری احکامات کے سلسلے میں کمشنر بنوں ڈویژن نے ضلعی انتظامیہ بنوں، لکی مروت اور ضلع شمالی وزیرستان کو سختی سے ہدایات جاری کئے ہیں جن کی روشنی میں بنوں کے علاوہ ضلع لکی مروت اورشمالی وزیرستان میں بھی سخت کریک ڈاؤن کیا گیا۔ مصنوعی مہنگائی او رذخیرہ اندوزی سے ملک کے عوام خون کے آنسو رو رہے ہیں اور کچھ مفاد پرست اپنی انفرادی فائدے کے لئے عام غریب لوگوں کا استحصال کر رہے ہیں جس کی کبھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کمشنر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ ناجائز منافع خوری کے لئے لوگوں کو لوٹ رہے ہیں ان کے خلاف گھیرا روز بروز تنگ کیا جا رہا ہے،روزانہ کی بنیا دپر اس کے خلاف چھاپے ہونگے اور کسی کو بھی ناجائزمنافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگ گرانفروشوں کی نشاندہی کریں ایکشن لینا ہماری ذمہ داری ہے اوراس ضمن سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کمشنر نے کہا ہے کہ حکومت نے بڑی حکمت عملی سے خارجہ محاذ پرکامیابیاں حاصل کی ہیں اور اندرونی محاذپر بھی ان لٹیروں پر گھیرا تنگ کر کے عام غریب عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کریں اورجو بھی اس قبیح فعل میں ملوث ہے جرمانے کے ساتھ ساتھ سلاخوں کے پیچھے دھکیل کر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوراکریں۔ ضلع شمالی وزیرستان اور ضلع لکی مروت میں بھی موقع پرست اور ناجائز منافع خورتاجروں اور دکانداروں کے خلاف بلا تعطل کاروائیاں جاری ہیں اور اس ضمن متعدد گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ بیان میں کمشنر بنوں ڈویژن نے مزیدکہا کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور غریب عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بناکر ریاستی ذمہ داریوں کو پورا کیا جائے گا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں