ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک نے منگل کے روز ملاکنڈ کے دور افتادہ علاقہ انزرگئی آگرہ میں بسنے والے لوگوں کے مسائل ومشکلات کو انکی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد کے علاوہ تمام ضلعی محکموں کے افسران اور نمائندوں کے علاوہ علاقے کے معززین اور عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں معزیزین علاقہ حاجی عمر گل،حاجی مشہور،مزمل اور زرین محمد نے علاقے کے لوگوں کو درپیش اجتماعی و انفرادی مسائل ومشکلات کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تفصیل سے آگاہ کیا جن میں زیادہ ترمسائل پینے کے صاف پانی کی فراہمی،سکولوں میں اساتذہ کی کمی،گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے قیام،بجلی کی ناروا لوڈٖشیڈنگ کے خاتمے،سڑکوں کی تعمیر،سکولوں کی اپگریڈیشن،امتحانی ہال کی بحالی،مہمند ڈیم سے مفت بجلی کی فراہمی اور دیگر سہولیات وترقیاتی منصوبوں سے متعلق تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ڈی ای او ملاکنڈ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر علاقہ کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے محکمہ آبنوشی کے افسران کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ وہ بند آبنوشی ٹیوب ویلز کو چالو کرنے اور لوگوں کو بروقت پینے کے لیے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس کے ساتھ ساتھ علاقے کا سروے کرکے انہیں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ مہمند ڈیم کے حوالے سے تمام تر سہولیات علاقے کے لوگوں کو ضرور ملیں گے۔انہوں نے لوگو ں کو یقین دلایا کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے تمام مسائل و مشکلات کو من وعن حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائینگے۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا انعقاد عوام پر احسان نہیں بلکہ یہ ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے اورعلاقے کے لوگوں کے مسائل حل کرنا اور ان کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات سے متعلق زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے انہوں نے علاقے کے لوگوں سے کہا کہ وہ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ تمام مدفاد عامہ کے منصوبے بروقت مکمل ہوسکیں اور ان کے ثمرات سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوسکیں۔کھلی کچہری کے انعقاد پر علاقے کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اورانہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
