بنوں (مانند نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے پاک افغان سرحد غلام خان (میرانشاہ) کا تاریخی دورہ کرکے ٹرک ٹرمینل کیلئے مناسب سائیٹ کیلئے مختلف جگہوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر نے کہا کہ دورے کا مقصد پاک افغان سرحد غلام خان پر ٹرک ٹرمینل کیلئے مناسب سائیٹ منتخب کرنا ہے تاکہ مناسب سائیٹ کاانتحاب کرکے کام کو شروع کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے بارڈر کے قریب تین مختلف جگہوں کا معائنہ کیا اورتینوں جگہیں شہر سے باہر اور مین سڑک پر واقع ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت شمالی وزیرستان میں غلام خان بارڈر اور جنوبی وزیرستان میں انگور اڈہ کے مقام پر ٹرک ٹرمینل تعمیر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ غلام خان سرحد پر ٹرک ٹرمینل کے قیام سے تجارت اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا اورٹرمینل کے قیام سے ٹرانسپورٹرز کو سہولیات اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع خصوصا شمالی وجنوبی وزیرستان کے لوگوں کو ترقی کے ثمرات جلد از جلد ملنا شروع ہو جائینگے جس سے معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کی فضا قائم ہو جائے گی۔ انہوں نے مقامی لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر کاروباری مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ریاستی امن کیلئے اس علاقے کے لوگوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اب ان علاقوں میں امن قائم ہو جانے کے بعد ترقیاتی کاموں اورکاروبارکے لئے حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔ مجوزہ سائیٹس پر ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے وزیر ٹرانسپورٹ کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے ٹرک ٹرمینل کے قیام کے بارے میں جی او سی شمالی وزیرستان شاکر خٹک سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
