0

تمام اضلاع میں سستے بازاروں کے قیام کے حوالے سے اجلاس

سوات (مانند نیوز ڈیسک) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام شاہ کی زیر صدارت انکے دفتر سیدو شریف میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع میں سستے انصاف بازاروں کے قیام اور ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے تمام اضلاع میں انصاف سستے بازار قائم کرنے سے متعلق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی واضح ہدایات کی روشنی میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو آگاہ کیا اور ان کے فوری قیام سے متعلق لائحہ عمل تیار کیا گیا اور فیصلہ کیا کہ اتوار تک ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع میں انصاف سستے بازار قائم ہوں اور باقاعدہ طور پر پیر کے دن سے عوام کی سہولت کیلئے یہ سستے بازار آپریشنل ہوں کمشنر نے ہدایت دی کہ انصاف سستے بازاروں کے ایسے سٹرکچر بنائے جائیں جن میں پانی، واش رومز، سیکورٹی، صفائی، بجلی وغیرہ کی سہولیات کا مناسب انتظام ہو اورعوام کی آگاہی اور انصاف بازار کی پہچان کیلئے بینرز آویزاں کئے جائیں سید ظہیر الاسلام شاہ نے کہا کہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی واضح ہدایات کی روشنی میں ہر انصاف سستے بازار میں مختلف اشیائے صرف کی کم از کم 30 دکانیں ہونی چاہئے جن میں سرکاری نرخ نامے کے مطابق سرکاری آٹے سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی ہو انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ انصاف سستے بازار میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جائے ہمارا مقصد بھی یہی ہونا چاہئے کہ عوام کو ہر قسم کا ریلیف میسر ہو اوران کیلئے آسانیاں پیدا کریں انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں میرٹ،انصاف،دیانتداری اورایمانداری کے فیصلے اور اقدامات ہماری اولین ترجیح ہے جس میں کسی قسم کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ وہ خود بازاروں اور مارکیٹوں کے باقاعدگی سے اپنی ٹیم کے ہمراہ دورے کریں اور اشیائے خوردنوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیں اور سرکاری نرخ نامے کے مطابق سرکاری آٹے کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے اضلاع میں خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف آئی بی اور اسپیشل برانچ کی رپورٹس کی روشنی میں چھاپے مارے جائیں انہوں نے مزید یہ بھی ہدایت کی کہ ملاکنڈ ڈویژن میں ذخیرہ اندوزوں اورگراں فروشوں کیخلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور تمام اضلاع کے بازاروں میں ذخیرہ اندوزوں، ملاوٹ کرنے والوں اور منافع خوروں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کی جائیں اور ملوث ہونے والے افراد کو جیلوں میں بند کیا جائے انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیز باقاعدگی سے قیمتوں کی فہرستیں جاری کریں اس سے متعلق ضلعی انتظامیہ کاروائیوں کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ کمشنر آفس کو بھیجوائیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں