بنوں (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر لکی مرو ت عبدالحسیب کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرعمر بن ریاض نے مصنوعی مہنگائی اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور پٹوارخانوں میں لوگوں کے مسائل حل نہ ہونے کی شکایت پر مختلف بازاروں اور پٹوارخانوں کے معائنے کئے۔ بازاروں میں سرکاری نرخنامے پر خرید و فروخت یقینی بنانے کیلئے اچانک چھاپوں کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے جس سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام آر ہا ہے۔معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والو ں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا اس لئے تمام لوگوں کو ناجائز منافع خوری سے توبہ کرکے حلال رزق کمانے کا تہیہ کر لینا چاہیے۔ اس موقع پر دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام میں ضلعی حکومت کا ساتھ دینگے۔
