0

بشام سڑک منصوبہ ابھی تک سی پیک میں شامل نہیں کیاگیا، وزیراعلیٰ کے پی

  الپوری (مانند نیوز ڈیسک) شانگلہ خوازہ خیلہ بشام روڈ منصوبہ کو سی پیک میں شامل کرنے کیلئے جوائنٹ کواپریشن کمیٹی کے آنے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اس سڑک کی تعمیر سے علاقے میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم ہونگے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خوازہ خیلہ بشام سڑک منصوبہ ابھی تک سی پیک میں شامل نہیں کیا گیا بعض عناصر اس حوالے سے بے بنیاد دعوے کرکے عوام کو دھوکہ دینے اور سیاسی کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پہلی دفعہ موجودہ حکومت اس منصوبے کو سی پیک کا حصہ بنانے کیلئے اسے دسویں جے سی سی اجلاس میں پیش کر رہی ہے اور انشاء اللہ موجودہ حکومتوں کی کوششوں سے یہ منصوبہ سی پیک میں شامل کر لیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شانگلہ کے وفد صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی،حاجی سدید الرحمان،نواز خان اور شا نگلہ پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی کی قیادت میں وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ان سے ملاقات کی اور ضلع شانگلہ کے عوام کو درپیش مسائل کے علاوہ مقامی صحافیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش،شانگلہ پریس کلب کے صدر خالد خان،چیئرمین ناصرمحمود،جنرل سیکرٹری آفتاب حسین،جوائنٹ سیکرٹری فضل سبحان، سیکرٹری اطلاعات افتخارحسین،صابرحسین شاہ،نوخارے بھی اس موقع پر موجود تھے۔شا نگلہ اضلاع کی سطح پر لوگوں کے مسائل کو صوبائی اور قومی سطح پر اجاگر کرنے میں مقامی صحافیوں اور پریس کلبوں کے کردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اضلاع کی سطح پر پریس کلبوں کی تعمیر و ترقی اور مقامی صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے شانگلہ پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے نئے کابینہ سے حلف لیا۔ نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شانگلہ پریس کلب کے نو منتخب عہدیدار علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے، اعلیٰ صحافتی اقدار کو فروغ دینے اور علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنی بہترین قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے شانگلہ پریس کلب کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں