واشنگٹن (مانند نیوز ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات (آج)منگل کو ہوں گے۔غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق امریکہ میں صدارتی امیدوار کا انتخاب (آج)بروزمنگل 3نومبر کو ہو گا جس کے لیے دونوں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیمو کریٹک امیدوار جوبائیڈن کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔امریکہ میں صدارتی انتخابات کی گہما گہمی زوروں پر ہے جبکہ 9 کروڑ سے زیادہ امریکی ارلی ووٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے ہیں۔تجزیاں کاروں کا کہنا ہے کہ 2020 کے امریکی انتخابات میں 15 سے 16 کروڑ امریکی شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جو کسی بھی سابقہ انتخابات کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹرن آٹ ہو گا۔واضح رہے کہ ارلی ووٹ میں صدارتی امیدوار جوبائیڈن کو ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں 7 ریاستوں سے برتری حاصل ہے۔ برطانوی اخبار گارجین کے مطابق جوبائیڈن کو فلوریڈا، پینسلوانیہ، مشی گن اور شمالی کیرولائینا میں ٹرمپ کے مقابلے میں برتری حاصل ہے۔ انتخابی جائزے کے تحت ایری زونا، ویسکونسن اور ایووا میں بھی جوبائیڈن موجودہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں آگے ہیں۔برطانوی اخبار کے مطابق پورے امریکہ میں جوبائیڈن 43 فیصد کے مقابلے میں 51 فیصد ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں۔
