0

جب تک پولیو کا کیس موجود ہےبچے شدید خطرے میں ہیں، کمشنر بنوں

بنوں (مانند نیوز ڈیسک) جب تک ملک میں ایک بھی پولیو کا کیس موجود ہے ہمارے بچے شدید خطرے میں ہیں۔ اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے بچانے کیلئے تمام وسائل کا استعمال کرینگے تاکہ ایک مضبوط اور صحت مند معاشرے کو پروان چڑھایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر بنوں ڈویژ ن نے ورلڈ ہیلتھ ارگنائزیشن کے ٹیم لیڈر الولید سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی توجہ کے پیشِ نظرملک میں پولیو کے کیسز میں کمی کے قوی امکانات ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔ گفتگو کے دوران ورلڈ ہیلتھ ارگنائزیشن کے ٹیم لیڈر الولید نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولیو کے خلاف جاندارکردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات سے پولیو کے خاتمے کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر ضلعی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ کمشنر بنوں ڈویژن نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے تمام مکتبہ فکر کے لوگ یکسو ہیں جو حوصلہ افزا امر ہے۔ انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے پھول جیسے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے پولیو کے ہر قومی مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے دو قطرے پلا کر ذمہ داری کا ثبوت دیں تاکہ کل اپ کے بچے اپ اور معاشرے پر بوجھ نہ ہوں۔ بعدا زاں پولیو کے دوران شہید ورکروں کے ایصالِ ثواب کیلئے اجتماعی دعا کی کہ اللہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کے سلسلے میں شہادت نوش کرنے والوں کو جوارِ رحمت میں جگہ دیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں