0

ہنگو، 71 کلو گرام چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام

ہنگو (مانند نیوز ڈیسک) ہنگوپولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی 71کلو گرام چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کاروائی کے نتیجے میں بین الصوبائی منشیات سمگلر نیٹ ورک کے رکن کو چرس سے بھری گاڑی سمیت حراست میں لے لیا ہے۔حراست میں لئے گئے منشیات سمگلر کا تعلق لاہور سے ہے جسکے خلاف تھانہ دوآبہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پکڑی گئی منشیات قبائلی ضلع کرم سے کوہاٹ اور پشاور کے راستے پنجاب سمگل کی جارہی تھی۔ڈی ایس پی ٹل اسدزبیرخان نے ایس ایچ او تھانہ دوآبہ مجاہدحسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ دوآبہ مجاہدحسین نے پولیس نفری کے ہمراہ ماموں خوڑہ پولیس چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء میں قبائلی ضلع کرم سے پشاور جانیوالی مزدہ ٹرک  نمبرLES 2914کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔پولیس نے تلاشی کے دوران مزدہ ٹرک کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی مجموعی طور پر71کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے گاڑی میں سوار منشیات کے بین الصوبائی سمگلرمحمداعظم ولدچھجوخان سکنہ گنج بخش چوک سٹریٹ9 محلہ کوٹ کمبوہ خورد بندروڈلاہورکوگاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔ڈی ایس پی اسدزبیرخان نے بتایا کہ چرس سے بھری مزدہ ٹرک سمیت حراست میں لئے گئے منشیات کے بین الصوبائی سمگلر کے خلاف تھانہ دوآبہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ پکڑی گئی منشیات پاڑا چنار سے کوہاٹ پشاور اور بعدازاں پنجاب کے مختلف شہروں کو سمگل کی جارہی تھی جسکا گرفتار سمگلر نے اعتراف جرم کرلیاہے۔ڈی ایس پی نے کہا کہ قیام امن اور انسداد جرائم کے حوالے سے جرائم پیشہ عناصرکیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور سماج دشمن عناصر کو سختی سے کچلنے،تحفظ عامہ اور امن وامان برقرار رکھنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائیگی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں