نیویارک (مانند نیوز ڈیسک) امریکی انتخابات میں شکست کے بعد سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا دن ورجینیا میں گالف کھیلتے ہوئے گزارا۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گالف کھیلنے کے دوران سابق صدر نے ایک نوبیاہتا جوڑے کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں داخلے کے وقت ایک ہیٹ پہن رکھی تھی جس پر درج تھا کہ امریکا کو دوبارہ عظیم بناؤ، وہ اپنے موبائل اسکرین کو دیکھتے ہوئے وائٹ ہاوس میں داخل ہوئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاوس واپسی پر مظاہرین نے ٹرمپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان سے گھر خالی کرنے کا مطالبہ کیا۔جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ کا حصہ رہنے والے وائٹ ہاوس کے پریس سیکرٹری آری فلیسچر کا کہنا تھا کہ ملک کو متحد رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ صدر کو اتنا وقت دیا جائے کہ وہ نتائج کو قبول کر لے۔یاد رہے کہ امریکہ میں اس بات کے بہت خدشات پائے جاتے ہیں کہ شاید ٹرمپ آسانی سے وائٹ ہاؤس خالی نہ کریں۔ اس موضوع پر پورے امریکی میڈیا میں بات چل رہی ہے۔ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں نے بھی یہی کہا ہے کہ صدر کا وائٹ ہاؤس چھوڑنے کا ارادہ نہیں ہے۔ وہ شاید قانونی جنگ کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔امریکی انتخابات کے نتائج سامنے آنے سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ اگر قانونی ووٹوں کی گنتی کی جائے تو وہ الیکشن جیت چکے ہیں۔اپنے ٹویٹر پیغام کے ذریعے انہوں نے متعدد بار اپنے حریف امیدوار جوبائیڈن پر دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے بتایا کہ الیکشن وہ جیتے ہیں۔ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ان کو دھوکہ دیا گیا ہے، جوبائیڈن افریقی نسل کے امریکیوں کو انتخابات جیتنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق میں جیت رہا تھا لیکن اچانک سے ریاستیں جوبائیڈن کے نام ہونے لگی۔ٹویٹر کی جانب سے صدر ٹرمپ کی نیتجے سے متعلق دس ٹویٹس پر لیبل لگاتے ہوئے ہائیڈ کیا گیا۔انتخابات کے نتیجے کے بعد انہوں نے جوبائیڈن کی فتح کے خلاف عدالت جانے کا بھی اعلان کیا تھا۔یاد رہے کہ ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے مطلوبہ 270 ووٹ حاصل کر کے ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے جس کے بعد ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کی راہیں مسدود ہو گئی ہیں۔جوبائیڈن امریکا کے 46ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔
