0

پشاور کا ضلعی انتظامیہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) پشاورکی ضلعی انتظامیہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی۔سبزیوں،پھلوں،گوشت اور مرغی سمیت انڈوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ۔شہری مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے۔دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود ضلعی انتظامیہ شہر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی ہے اور اشیائے خوردونوش بدستور انتہائی مہنگے نرخوں میں فروخت کی جارہی ہیں۔اتوار کے روز پشاورکی سبزی منڈی سمیت مختلف بازاروں میں ٹماٹر 150روپے کلو میں فروخت کیاگیا جبکہ پیاز کی قیمت بھی 80روپے کلو تک جا پہنچی۔اسی طرح پھلوں میں سیب نے ڈبل سنچری پوری کرلی۔امرود150روپے کلو میں فروخت کیا جاتا رہا۔گائے کا گوشت 500روپے کلو تک پہنچ گیا۔بکرے اور دنبے کا گوشت 1150روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔اسی طرح دیسی اور فارمی انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ہونے پر بچے انڈوں کا ناشتہ کئے بغیر سکول جانے پر مجبور ہیں۔فارمی انڈے 180روپے درجن جبکہ دیسی انڈے 240روپے درجن تک جا پہنچے ہیں۔اسی طرح سردی کا آغاز ہوتے ہی ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے۔شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نہ ہی ضلعی انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کر پائی ہے اور نہ ہی پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس کہیں نظر آرہی ہے۔ضلعی انتظامیہ روزانہ درجنوں گرانفروشوں کی گرفتاری کے دعوے کرتی ہے لیکن اس کے باوجود مہنگائی آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ عام آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے بھی دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں