ایبٹ آباد (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنرایبٹ آباد محمد مغیث ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں شہر میں ٹریفک کی بہتری اور شاہراہ ریشم پر جاری کام کی وجہ سے ٹریفک میں تعطل کے خاتمے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد یاسر خان آفریدی، ایس ایس پی ٹریفک طارق محمود، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مجتبی، ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے، موٹر وے پولیس اور گڈز ٹرانسپورٹ یونین کے نمانئدوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایبٹ آباد شہر کے علاوہ باقی تمام ٹریفک کو موٹر وے پر شفٹ کیا جائے گا۔ ایبٹ آباد شہرمیں آنے اور جانے والے ٹرک ڈمپر رات 9بجے سے لے کر صبح 6 بجے شہر میں داخل ہو سکیں گئے۔ ایبٹ آباد شہر شیروان اور گماواں جانے والے ٹرک ڈمپر وغیرہ بھی رات 9 سے صبح 6 تک شہر میں نقل و حمل کر سکیں گئے۔ ڈسڑکٹ پولیس ایبٹ آباد کی گاڑیوں پر سپیشل سٹکر آویزاں کرے گی اور صرف انہی گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ شیروان روڈ کے ساتھ گیس پائپ لائن کی بچھائی کے باعث ٹریفک کے مسائل سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک اقدامات اٹھائیں گے۔ مائننگ اوربھاری گاڑیوں کے ویٹ کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد کی زیر نگرانی اجلاس میں مسلے کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
