0

کراچی سرکلر ریلوے، پاکستان ریلویز نے ٹائم شیڈول جاری کردیا

کراچی (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان ریلویز نے کراچی سرکلر ریلوے کا ٹائم شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق پہلی سرکلر ٹرین اورنگی اسٹیشن سے جمعرات کو روانہ ہوگی۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات انیس نومبر کو پہلی ٹرین اورنگی اسٹیشن سے صبح ساڑھے چھ بجے چلے گی جبکہ پپری مارشلنگ یارڈ سے پہلی ٹرین سات بجے روانہ ہوگی۔ریلوے شیڈول کے مطابق دونوں اسٹیشنوں سے ہر تین گھنٹے کے بعد ایک گاڑی روانہ ہوگی، دونوں اسٹیشنوں سے روزانہ چار چار ریل گاڑیاں چلیں گی، یاد رہے کہ کے سی آر بحالی کا باقاعدہ افتتاح وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کریں گے۔پاکستان ریلوے کراچی کے عوام کی سہولت کے لئے 19نومبر سے پہلے فیز میں اورنگی اور مارشلنگ یارڈ پپری کے درمیان کراچی سرکلر ریلوے ٹرین سروس شروع کرنے جا رہی ہے۔شیڈول کے مطابق کراچی سرکلرریلوے ٹرین صبح 6بجکر 30منٹ پر اورنگی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہو کر منگھو پیر، سائیٹ، شاہ عبدالطیف، بلدیہ، لیاری، وزیر مینشن، کراچی سٹی، کراچی کینٹ، ڈیپارچر یارڈ، ڈرگ روڈ، ڈرگ کالونی، ایئرپورٹ، ملیر کالونی، ملیر، لانڈھی، جمعہ گوٹھ، بن قاسم اور بلدیہ نالہ سے ہوتی ہوئی صبح 9بجکر 15منٹ پر مارشلنگ یارڈ پپری ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔دوسری دفعہ یہ ٹرین اورنگی ریلوے اسٹیشن سے صبح 10بجے روانہ ہو گی۔ تیسری دفعہ یہ ٹرین اورنگی سے دوپہر 1بجے جبکہ چوتھی دفعہ اورنگی سے یہ ٹرین شام 4بجے روانہ ہو اکرے گی۔اسی طرح کراچی سرکلر ریلوے 2ٹرین مارشلنگ یارڈ پپری ریلوے اسٹیشن سے صبح 7بجے روانہ ہو کر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی صبح 9بج کر 45منٹ پر اورنگی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی جبکہ ما رشلنگ یارڈ پپری ریلوے اسٹیشن سے دوسری دفعہ یہ ٹرین صبح 9بج کر 30منٹ پر، تیسری دفعہ دوپہر 1بجے اور چوتھی دفعہ شام 4بج کر 30 منٹ پر چلے گی۔ اس ٹرین کا کرایہ اسٹیشن ٹو اسٹیشن50روپے یکطرفہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق اسٹیشنوں کی بحالی کا کام سست روی کا شکار ہے، اورنگی اسٹیشن پر لوپ لائن ڈالنے کا کام جاری ہے، میڈیا کی نشاندھی پر اورنگی اسٹیشن سے تجاوزات ہٹادی گئیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حفاظتی دیوار نئے سرے سے تعمیر کی جارہی ہے لہذا مرمتی کام مکمل ہونے میں میں مزید تین سے چار روز لگ سکتے ہیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں