0

بٹ خیلہ میں کھلی کچہری کا انعقاد

          بٹ خیلہ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز فورس ریحان خٹک کی ہدایات پراسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد نے آج لیوی پوسٹ قلنگی میں علاقے کے عوام کے مسائل و مشکلات کا انکی دہلیز پر ازالہ کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں انتظامیہ اور دیگر تمام ضلعی محکموں کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ معززین علاقہ اور عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر نے عوام کے مسائل اور شکایات سن کر ان پر فوری حل کے احکامات جاری کیں اور مزید حل طلب مسائل کی نشاندہی پر متعلقہ حکام کو حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ عوام کے زیادہ تر مسائل مہمند ڈیم کی رائیلٹی میں حصہ دینے اور ان کے فنڈ زسے دریائے سوات کے کنارے پر جاپان پل سے لے کر ترئی پل تک سیلاب سے بچاؤ کے لیے حفاظتی دیوار تعمیر کرنے،محکمہ ایریگیشن،آبنوشی،جنگلات،وائلڈ لائف،منشیات فروشی،حصار باباکے بازار میں ٹریفک اہلکاروں کی تعداد بڑھانے اور طوطاکان ہسپتال میں غنڈہ گردی اور مافیا کے خلاف اور مقبروں کے تحفظ کے لیے دیواریں تعمیر کرنے اور دیگر بنیادی ضروریات سے متعلق تھے۔اسسٹنٹ کمشنر سہیل احمد نے اس موقع پرکہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد ہی عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور انہیں دفتروں کے چکروں سے نجات دلانا اور باہمی مشاورت سے موقع پر ان کا حل نکالنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے ہر مسئلے پر من وعن درآمد وہوگا اور عوام کو بھی پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معمولی نوعیت کے مسائل موقع پر افسران کو بتادیے گئے ہیں جن کو حل کیا جائے گا جبکہ بعض دیگر مسائل متعلقہ فورم پر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔آخر میں مقامی عمائدین اور لوگوں نے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر اورضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں