0

حکومتی پابندی کے باوجود پی ڈی ایم جلسے میں بڑی تعداد میں شرکت

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) حکومت کی جانب سے پابندی کے باوجود پی ڈی ایم جلسے میں پشاورسمیت صوبے کے مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں پارٹی رہنماؤں نے کارکنان کے ہمراہ شرکت کی او ر قافلے اتوار کی صبح سے ہی پشاور کی طرف گامزن ہو گئے۔ پی ڈی ایم جلسے کے لئے چارسدہ سے بڑے قافلے روانہ ہوئے۔ چارسدہ سے روانہ ہونے والے قافلوں کی قیادت قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور پارٹی رہنماء کر رہے تھے۔بونیر سے پی ڈی ایم پشاور جلسہ کے لیے سینکڑوں گاڑیوں کا قافلہ روانہ ہوا۔ قافلے میں اے این پی،جے یو آئی اور (ن) لیگ کے کارکنان شریک تھے۔ پی کے 24 شانگلہ کے کارکنان بھی براستہ بونیر پشاور پہنچے۔ اسی طرح کوہاٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن پی ڈی ایم جلسے میں شرکت کے لئے روانہ ہوئے۔ مقامی قائدین کا کہنا تھا کہ راستے بند کرنا اور روکاوٹیں کھڑی کرنا حکومت کو مہنگا پڑے گا۔ اپنے مقصد کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔ موجودہ حکومت نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ بنوں اور گرد و نواح سے پی ڈی ایم جلسہ میں شرکت کیلئے کارکن چھوٹے بڑے سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے کی شکل میں لنک روڈ سے روانہ ہوئے۔اے این پی کے کارکن سرخ کپڑے زیب تن کئے ہوئے تھے۔جے یو آئی کی قیادت ایم این اے زاہد اکرم درانی، اے این پی کی قیادت تیمور باز خان ایڈوکیٹ اور پی پی پی کے سابق ایم پی اے فخر اعظم ایڈووکیٹ کر رہے تھے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے حکومت نے خود جلسے کئے ہیں۔ کورونا صرف اپوزیشن کو ٹارگٹ کر رہی ہے۔ ہم آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کر احتجاج ریکارڈ کر رہے ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نکلے ہیں۔ کویڈ 19 سے پہلے کویڈ 18 کو ختم کرنا ہے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں