0

ملک میں مکمل لاک ڈاون ہوا تو ذمہ دار پی ڈی ایم ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ملک میں کورونا وائرس کے کیسز موجودہ شرح سے بڑھتے رہے تو حکومت مکمل لاک ڈاون پر مجبور ہوجا ئے گی اور اس کے نتائج کی ذمہ داری اپوزیشن کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)پر عائد ہوگی۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن این آر او حاصل کرنے کی تڑپ میں عوام کی زندگیاں اور معاش تباہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں میں واضح کردوں کہ وہ 10 لاکھ جلسے بھی کرلیں لیکن انہیں این آر او نہیں ملے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ میں لاک ڈاون جیسا اقدام نہیں کرنا چاہتا کہ جس کے نتیجے میں ہماری معیشت کو نقصان پہنچنا شروع ہوجائے کہ جو اس وقت تیزی سے ریکوری ظاہر کررہی ہے۔’ان کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کا واحد مقصد این آر او ہے چاہے اس سے لوگوں کی زندگیوں اور ملک کی معیشت کا جو بھی نقصان ہو۔ایک پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں کووِڈ 19 کی دوسری لہر کے اعدادو شمار تشویشناک ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے پاکستان میں گزشتہ 15 روز کے دوران وینٹیلیٹرز کے استعمال میں اضافے کے اعداد و شمار بھی بتائے۔ان اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں کووِڈ 19 مریضوں کے زیر استعمال وینٹیلیٹرز کی تعداد میں 200 فیصد، ملتان میں 200 فیصد، کراچی میں 148 فیصد، لاہور میں 114 فیصد، اسلام آباد میں 65 فیصد اضافہ ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور ملتان میں کووِڈ 19 کے وینٹیلیٹرز کی 70 فیصد گنجائش بھری ہوئی ہے۔ نہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں دوسری مرتبہ اضافہ ہورہا ہے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں