0

ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزرائے تعلیم اجلاس میں ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے 26نومبر سے 10جنوری تک بند کرنے کا اعلان کردیا گیا جبکہ  11جنوری کو ادارے کھل جائیں گے۔اسلام آباد میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور شفقت محمود نے پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے، 26نومبر سے ملک کے تمام تعلیمی ادارے اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز، ٹیوشن سینٹرز بند ہوجائیں گے اور تعلیمی اداروں میں طلبہ نہیں آئیں گے اور وہ گھروں سے تعلیم جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تعلیمی سلسلہ آن لائن ہے وہاں آن لائن جبکہ جہاں یہ سہولت نہیں ہے وہاں اساتذہ ہوم ورک فراہم کریں گے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومتیں فیصلہ کریں گی۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام حکومتوں کی جانب سے یہ کوشش کی جائے گی کہ گھروں میں تعلیم کا سلسلہ جاری رہے لیکن طلبہ کی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے اندر کوئی کلاسز نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ 26نومبر سے 24دسمبر تک گھروں سے پڑھائی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ 25دسمبر سے 10جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی اور اس دوران تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، 11جنوری کو حالات کی بہتری پر تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے جائیں گے تاہم جنوری کے پہلے ہفتے میں ایک جائزہ اجلاس ہوگا۔امتحانات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ دسمبر کے دوران ہونے والے امتحانات کو ملتوی کردیا گیا اور اب یہ 15جنوری اور اس کے بعد ہوں گے، تاہم اس میں کچھ ایسے امتحانات ہیں جو جاری رہیں گے۔شفقت محمود نے کہا کہ سفارش کررہے ہیں بورڈ کے جو امتحانات مارچ یا اپریل میں ہونا تھے انہیں مئی جون میں لے جایا جائے تاکہ جب تعلیمی ادارے کھلتے ہیں تو طلبہ کو کورس ورک مکمل کرنے کا وقت مل جائے، یہ بھی تجویز ہے کہ نیا تعلیمی سال اپریل کے بجائے اگست تک لے جایا جائے اور گرمیوں کی چھٹیاں کم کردی جائیں تاکہ تعلیم کے فرق کو کور کیا جاسکے۔اس موقع پر  وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد سے زائد دیکھی گئی۔اس سے قبل وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرا ئے تعلیم اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا کے باعث سکولوں کی بندش پر وزرا تعلیم متفق ہوگئے ۔سکولوں کی بندش کے دورانیے پر گفتگو جاری  رہی، ایک ماہ اسکولوں کی بندش کی تجویز وفاقی حکومت نے دی جس سے تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے اتفاق کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں