0

سوات، ٹرانسپورٹ ڈیزل سےچلنے والی گاڑیوں کیلئے نیا کرایہ نامہ جاری

سوات (مانند نیوز ڈیسک) یکم دسمبر 2020 ء سے وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملاکنڈ ڈویژن نے ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کیلئے نیا کرایہ نامہ جاری کردیا ہے جس کا اطلاق پورے ملاکنڈ ڈویژن میں یکم دسمبر سے لاگو ہے۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملاکنڈ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ یاداشت کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن میں ڈیزل کی فی لیڑ قیمت 109 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے مینگورہ سے پشاور فلائن کوچ کا کرایہ 213 روپے مقرر، ایئر کنڈیشن کوچ کا کرایہ 248 روپے، عام بس کا کرایہ 187 روپے اور آرام دہ بس کا کرایہ 285 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ نئے جاری کردہ کرایہ نامے کے مطابق مینگورہ سے کانجو فلائن کوچ کا کرایہ پانچ روپے، مینگورہ سے منگلاور 12 روپے، مینگورہ سے کبل 12 روپے، مینگورہ سے ناگوہا 27 روپے، مینگورہ سے پانڑ دوروپے، مینگورہ سے شگئی چھ روپے اور مینگورہ سے سنگوٹا 10 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح الپوری سے مینگورہ تک فلائن کوچ کا کرایہ 81 روپے، پیر بابا سے پشاور 191 روپے، ملاکنڈ سے پشاور 146روپے، دیر اپر سے پشاور 310 روپے، تیمرگرہ سے پشاور 219 روپے اور چترال سے پشاور 453 روپے مقرر کیا گیاہے۔جاری ہونے والے یاداشت میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں اور مدارس کے طلباء، معزور افراد اور 60 سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں سے 50فیصد کرایہ وصول کیا جائے گا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں