0

حکومت ضم شدہ اضلاع کے لئے ترقیاتی منصوبے ترتیب دے رہی ہے، وزیراعلیٰ کےپی

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضم شدہ اضلاع میں لوگوں کو ان کی دہلیز پر زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عشروں پر محیط ان کی محرومیوں کے جلد ازالے کو موجودہ حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس سلسلے میں نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ بار آور اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع کے تمام علاقوں میں آبادی کے تناسب اور لوگوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان علاقوں کے لئے ترقیاتی منصوبے ترتیب دے رہی ہے تاکہ ان ترقیاتی منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ عوام مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور علاقے کے لوگوں کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر اور جنوبی وزیرستان سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی نصیر اللہ خان کے علاوہ محکمہ ہائے مواصلات و تعمیرات اور آبنوشی کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ علاقے ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں، اب ان علاقوں کو ترقی کے میدان میں ملک کے دیگر ترقیافتہ علاقوں کے برابر لانا وقت اور حالات کا اہم تقاضا ہے جس کے لئے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہے اور حکومت اس مقصد کے حصول کے لئے ایک ہمہ جہت لائحہ عمل کے تحت کام کر رہی ہے۔ ان علاقوں کو ترقی کے میدان میں آگے لے جانے کے لئے مقامی عمائدین کے کردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے وفد کے ارکان پر زور دیا کہ وہ آپس کے چھوٹے موٹے تنازعات کو پس پشت ڈال کر علاقے کی ترقی کے لئے آپس میں اتحاد اور اتفاق پیدا کریں اور اجتماعی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے لئے جو بھی ترقیاتی منصوبے ترتیب دئیے جائیں گے وہ مقامی لوگوں کی باہمی مشاورت سے ترتیب دئیے جائیں گے اور ان ترقیاتی منصوبوں میں وسیع تر عوامی مفاد کو ملحوظ نظر رکھا جائیگا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان کے ثمرات سے مستفید ہوں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو سو فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کر تے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کے معیار پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور کام کے معیار پر سمجھوتہ کرنے والے متعلقہ حکام کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو گزشتہ دو سالوں کے دوران جنوبی وزیرستان میں شروع کئے گئے تمام ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ وفد نے علاقے کے لوگوں کے مسائل حل کرنے اور علاقے کی ترقی کے لئے ذاتی دلچسپی کے ساتھ کام کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں