0

خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جاں بحق افراد کو 10 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا فیصلہ

پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال واقعہ میں جاں بحق ہونے افراد کے لواحقین کو 10،10 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی کامران بنگش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال واقعہ میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد 7 افراد کو ابتدائی تحقیقات کے بعد معطل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تفصیلی رپورٹ 5 دن میں آجائے گی جس میں ذمہ داروں کا تعین اور ان کے خلاف ایکشن ہوگا۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ حکومت نے جاں بحق افرادکے خاندانوں کو10،10 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال خود مختار ہے اور بورڈ آف گورنر کے تحت کام کرتاہے۔ بورڈ آف گورنر حکومت کو جواب دہ ہے۔ ضروری ہے کہ بورڈ آف گورنرز ایکشن لے۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں ہسپتال کی خامیاں چھپانے کی کوشش نہیں کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹرکچرل نقائص ہیں اور صوبے میں ہیلتھ سسٹم پرفیکٹ نہیں۔تیمور سلیم نے کہا کہ آکسیجن کی کمی رات کو آئی جس کی بروقت نشاندہی نہیں ہوئی۔ ایسے واقعات ہوں گے تو ہمارے سرشرم سے جھکیں گے لیکن تنقید برداشت کرنے کے باوجود سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے کیونکہ ہیلتھ سسٹم مضبوط ہوگا تو جانیں بچیں گی۔ دنیا میں ہسپتالوں کو چلانے کا یہ طریقہ نہیں ہے۔ اگر مطمئن نہ ہوئے تو حکومت ایم ٹی آئی کو ٹیک اوور کر سکتی ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں