0

وزیراعظم کے نوٹس لینے سے چیزیں مہنگی ہوتی ہیں، سعید غنی

کراچی (مانند نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان جب بھی نوٹس لیتے ہیں چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں،کراچی میں جو بھی منصوبے ہیں وہ سب نواز شریف کے دیئے ہوئے ہیں۔صوبائی وزیرِ سندھ سعید غنی نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلی بار گیس کے بحران کا الزام انہوں نے سندھ پر عائد کیا تھا، آج ان کو گیس لائن کی اجازت مل گئی، گیس لائن بچھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی پورے ملک میں گیس کا شدید بحران ہے، حکومت نے گیس کے کارگو دنیا بھر میں سب سے مہنگے لیے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کو لگتا ہے کہ وفاق صوبوں کو پالتا ہے، جبکہ صوبے ملک کو چلاتے ہیں، صوبے کماتے ہیں تو اسلام آباد چلتا ہے، یہ اگر صوبوں کو دیتے ہیں تو کوئی احسان نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ یہ مافیاز کو سپورٹ کرتے ہیں، یہ غیر قانونی اور غیر آئینی کام ہے، ان کے غلط فیصلوں کا سب پر اثر پڑے گا۔سعید غنی نے کہا کہ آج بھی پورے ملک میں گیس کا شدید بحران ہے، آج بھی ایل این جی کی جتنی ڈیمانڈ ہے اتنی موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر گیس ہوگی تو مہنگی ہو گی، ضروریاتِ زندگی کی ہر چیز کی قیمتیں اس وقت آسمان پر ہیں، خدا کا واسطہ جان چھوڑو اس ملک کے عوام کی۔انہوں نے کہا کہ سی سی آئی کے جو منٹس آئے اسے ہم نے چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ عقل و شعور سے پیدل ہیں اور قانون کا بھی پتہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ کلاس روم میں تعلیم حاصل کرنے کا کوئی نعم البدل نہیں، ہمارے پاس کبھی آن لائن تعلیم کا نظریہ ہی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ بہت بڑی تعداد میں طلبا کے پاس سہولتیں نہیں ہیں، آن لائن، ٹی وی چینل، ورچوئل، ریڈیو کا بھی آپشن ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے جس کے بعد تمام اراکین نے استعفے دے دیئے ہیں، اب یہ استعفے کب استعمال ہونے ہیں یہ فیصلہ پارٹی قیادت نے کرنا ہے۔سعید غنی کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات آئین کا حصہ ہیں، ہمیں ان میں حصہ لینا چاہئے، ہمیں ثابت کرنا ہے کہ لوگ تحریکِ انصاف سے بیزار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بی بی کی برسی پر کسی کو نہ بھی بلاتے تو لوگ آتے، کراچی میں جو بھی منصوبے ہیں وہ سب نواز شریف کے دیئے ہوئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ نواز شریف کے دیئے گئے پیکجز کا کریڈٹ لے رہے ہیں، انہوں نے اب تک کراچی میں کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان جب بھی نوٹس لیتے ہیں چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں۔mk

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں