0

امریکہ میں برفانی طوفان کے باعث حادثات، 5 افراد ہلاک

واشنگٹن (مانند نیوز ڈیسک) امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں برفافی طوفان سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ کی شمال مشرقی ریاستیں شدید برفافی طوفان کی زد میں رہیں۔ گیل نامی برفانی طوفان نے برف باری کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے،مختلف حادثات میں 5افراد ہلاک ہو گئے،کئی ریاستوں میں تین فٹ سے زائد برف باری ہوئی، برف سے لطف اندوز ہونے کے لیے امریکی پارکوں میں نکل آئے۔امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں نے برف کی چادر اوڑھ لی۔ نیویارک سٹی میں ایک رات میں پچھلے تمام سال سے زیادہ برف باری ریکارڈ ہوئی۔شمال مشرقی امریکی ریاستوں میں مقیم چھ کروڑ امریکیوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ نیویارک کے مختلف علاقوں میں چالیس انچ سے زائد برف باری ہوئی۔نیویارک میں گاڑیوں کے پانچ سو حادثات ہوئے۔ میری لینڈ میں بھی ساڑھے تین سو سے زائد حادثات ہوئے۔ ریاست نیویارک میں ایک اٹھاون سالہ شخص اپنی گاڑی میں دس گھنٹے برف میں دبا رہا تاہم پولیس نے شہری کو زندہ بچا لیا۔ریاست جنوبی ورمونٹ میں چوالیس انچ تک برف باری ہوئی، ریاست نیوہیمپشائر میں سات انچ فی گھنٹہ کی رفتار سے برف باری ہوئی۔برف باری کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح مفلوج ہے، مکانات اور گاڑیاں برف میں دھنس چکے، شہری برف میں دھنسی اپنی املاک کو نکالنے میں بھی مصروف ہیں۔برف باری کے بعد نیویارکرز نے سنٹرل پارک کا رخ کر لیا، بچوں اور بڑوں نے برف پر سلائیڈنگ کر کے خوب لطف اٹھایا، ماں باپ بھی بچوں کے ساتھ برف پر سلائیڈنگ کے مزے لیتے رہے، بچوں نے ایک دوسرے پر خوب برف کے گولے برسائے۔نیویارک کے برینٹ پارک میں بھی لوگوں کا رش لگا رہا، بچوں نے برف سے مختلف مجسمے بنائے، لوگوں نے شدید ٹھنڈے موسم میں کھانے سے بھی خوب لطف اٹھایا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں