0

ماضی میں سیاستدان غلط راستے پر چل کر نشان عبرت بنے، عمران خان

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں سیاستدان غلط راستے پر چل کر نشان عبرت بنے، جب تک کسی قوم کے جان و مال کی حفاظت نہیں ہوتی، اس وقت تک وہ قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے پولیس میں پاس آؤٹ ہونے والے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اس لیے یہاں خاص طور پر یہاں آیا ہوں کہ پاکستان کی پولیس کو ایک پیغام دوں کہ جب تک ایک قوم کی جان اور مال کی حفاظت نہیں ہوتی، وہ قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ عمران خان نے کہا کہ جو سرحدوں پر پاکستان کے جان و مال کی حفاظت کرتی ہے، وہ پاکستان کی فوج ہے اور جو ملک کے اندر سکیورٹی دیتی ہے اور شہر میں سرمایہ کار، کاروباری شخص اور شہری کی حفاظت پولیس کرتی ہے، آپ دنیا کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں کہ جب تک قانون کی عملداری نہیں ہوتی اور لوگوں کے لیے سکیورٹی نہیں ہوتی، اس وقت تک قوم کی خوشحالی نہیں آتی، اس لیے پولیس کا معاشرے میں انتہائی اہم مقام ہوتا ہے لیکن مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں پولیس کا وہ مقام نہیں ہوا جس کے پیچھے ایک تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلامی کے دور میں انگریز کی پولیس تھی تو انگریز پولیس سے غلط حرکتیں کراتا تھا، لوگوں کو دباتا تھا، حقوق سلب کرتا تھا، پولیس سے لوگوں کو خوف تھا لیکن اسی انگریز کے اپنے ملک میں پولیس ایسی نہیں تھی بلکہ ان کے اپنے ملک میں پولیس شہریوں کی دیکھ بھال کرتی تھی اور شہری ان کو اپنا سمجھتے تھے لیکن کیونکہ انہوں نے ہمیں غلام بنایا ہوا تھا اور وہ حکومت کرتا تھا تو یہاں پولیس کا رویہ مختلف تھا۔انہوں نے کہا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ قوم ہماری پولیس کو پسند کرے، اپنا سمجھے، ان سے پیار کرے۔انہوں نے کہا کہ جب 2013 میں پختونخوا میں ہماری حکومت آئی تو سب سے زیادہ دہشت گردی پختونخوا پولیس کے خلاف تھی، 500 سے اوپر پولیس اہلکار شہید ہو چکے تھے اور پولیس کا مورال نیچے گرچکا تھا لیکن وہاں کی پولیس ہمارے دیکھتے دیکھتے جس طرح تبدیل ہوئی، جس طرح سے انہوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور پھر ایسا وقت آیا کہ پشاور اور مردان کے شہریوں نے پولیس کی حمایت میں جلوس نکالے اور مجھے فخر ہوا کہ اپنی آنکھوں کے سامنے اس پولیس کو بدلتے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ آپ کو جو تنخواہ ملتی ہے وہ کافی نہیں ہے بلکہ ہمارے اکثر تنخواہ دار طبقے کو جو تنخواہ ملتی ہے وہ کافی نہیں ہے کیونکہ کئی سالوں سے مہنگائی بڑھتی گئی ہے، انشااللہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کیلئے حفیظ شیخ سے بات کروں گا، بادشاہ نہیں وزیراعظم ہوں اس لیے اپنے وزیرخزانہ سے پوچھنا پڑتا ہے، ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سیاستدان جن کو اللہ نے موقع دیا اور ملک کا سربراہ بنا دیا، ان کے سامنے بھی صحیح اور غلط کے راستے تھے، وہ حلال کی کمائی بھی کر سکتے تھے لیکن جس راستے پر وہ نکل گئے، آپ کے سامنے آج وہ عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، ان کو خود نہیں پتہ ان کے پاس کتنا پیسہ ہے لیکن کبھی ہسپتالوں جارہے ہیں، کبھی ملک سے باہر جا رہے ہیں، کبھی بچے باہر جا رہے ہیں، بچوں کو باپ کی چوری کو بچانے کے لیے جھوٹ بولنا پڑرہا ہے، ایسے پیسے کا کیا فائدہ، یہ پیسہ اللہ کا عذاب ہے، یہ کسی کام نہیں آتا، اللہ تعالی قرآن پاک میں فرماتے ہیں کہ نبیؐکے راستے پر چلو، قرآن پاک میں واضح ہے کہ رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کرکٹ کے دوران مجھے جنوبی افریقہ میں کرکٹ کھیلنے کی بہت پیشکشیں آتی تھیں، اگر میں وہاں کھیلتا تو پیسہ بہت ملتا لیکن عزت نہ ملتی کیونکہ اس سے مجھے وہاں کی نسل پرست حکومت کی حمایت کرنی پڑتی، ہر انسان کے سامنے دو راستے انسانی عظمت اور شیطانیت کے ہوتے ہیں، نیکی کے راستے پر چلنا آسان نہیں لیکن اسی میں کامیابی ہے، نیکی کا راستہ مشکل اور گناہ کا آسان ہوتا ہے لیکن گناہ کا تباہی کا راستہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کے 70 فیصد اخرات کم کیے، وفاقی حکومت نے اپنے 40 فیصد اخراجات کم کیے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس ہوگیا، ملک میں اللہ تعالی نے سب کچھ دیا صرف گورننس کو ٹھیک کرنا ہے،جب تک ہماری آمدنی نہیں بڑھتی ساری قوم کو صبر کرنا پڑے گا، آگے حالات بہتر نظر آرہے ہیں، آمدنی بڑھتی جائے گی تو تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہر پولیس اہلکار کو 10 لاکھ روپے کے اخراجات کا ہیلتھ کارڈ دیں گے، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں اسلام آباد پولیس کیلئے پروگرام لا رہے ہیں، پولیس تنخواہ سے جو ہاؤس رینٹ کٹوائے گی وہ گھر کی قسط ہوگی، اقساط پوری ہونے پر پولیس اہلکار گھر کے مالک بن جائیں گے۔اس سے قبل وزیراعظم نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، وزیراعظم کو چاق چوبند دستوں نے سلامی دی، انہوں نے پیشہ وارانہ تربیت کا بہترین مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں