اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دے دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے احتجاج کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی۔وزیراعظم نے پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو شوق ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرلے، احتجاج میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے، تاہم کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ پی ڈی ایم احتجاج کے دوران کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کو احتجاج کی اجازت دی جائے۔ قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیر داخلہ نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنے حالیہ دورہ کوئٹہ دورہ رپورٹ پیش کردی۔واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے 19 جنوری منگل کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے اور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے آج بدھ کواہم اجلاس بھی طلب کیا ہے جس میں سیکیورٹی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔
0