0

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

سوات (مانند نیوز ڈیسک) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیر صدارت کمشنر آفس سوات میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ملاکنڈ ڈویژن میں انسداد پولیو مہم، کورونا وبائی صورتحال اور ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لئے ڈویژن کی سطح پر کیے گئے اقدامات اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو اور کورونا وبائی صورتحال کے حوالے سے ضلعوں کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔ نئے ولولے کے ساتھ میدان میں اتریں گے تاکہ دوسری لہر کو ویسے ہی قابو میں رکھا جا سکے جیسے پہلی لہر کے دوران کارکردگی دکھائی گئی۔ سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مستعدی دکھاتے ہوئے عوام میں شعور کی بیداری کے حوالے سے بھرپور مہم چلائی جائے۔ ماسک پہننے اور پہنانے کا رواج عام کیا جائے اور سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے۔ سماجی فاصلے کے حوالے سے پبلک ٹرانسپورٹ، بازاروں اور سیاحتی مقامات پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے تا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو محدود سے محدود کیا جا سکے۔ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن نے عوام سے بھی اپیل کی کہ صفائی کی عادت اپناتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ ہمیں اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہونا ہوگا، استغفار کا ورد کرنا ہوگا اور بیماری کی صورت میں صبر اور شکر سے کام لینا ہوگا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں