0

کم عمر اور ناتجربہ کار رکشہ ڈرائیوروں نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) پشاورمیں کم عمر اور ناتجربہ کار رکشہ ڈرائیوروں نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے اس سلسلے میں سخت اقدامات نہ اٹھائے جانے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق پشاورمیں بغیر پرمٹ ہزاروں کی تعداد میں رکشوں کی کی وجہ سے جہاں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہورہا ہے وہیں کم عمر اور ناتجربہ کار اناڑی ڈرائیوروں کی وجہ سے آئے روز حادثات بھی رونما ہورہے ہیں۔پشاورکے جی ٹی روڈ سمیت اندرون شہر علاقوں میں رکشوں کی بھرمار ہے اور رکشے ان ڈرائیوروں کے حوالے کئے گئے ہیں جن کے پاس ڈرائیونگ کا لائسنس بھی نہیں اور نہ ہی ڈرائیونگ کا تجربہ رکھتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات رونما ہورہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر پرمٹ رکشوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی ہے جبکہ کم عمر اور اناڑی ڈرائیوروں کو بھی کھلے عام عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔اس سلسلے میں اگر فوری طور پر اقدامات نہ اٹھائے گئے تو شہر میں حادثات مزید بڑھ جائیں گے کیونکہ بہت بڑی تعداد میں بغیرلائسنس اور تجربے کے رکشہ چلانے والوں کی بھرمار ہو گئی ہے۔پشاورمیں ہزاروں کی تعداد میں رکشے روزگار تو فراہم کررہے ہیں مگر ناتجربہ کار ڈرائیوروں کی وجہ سے بڑھتے حادثات عوام کیلئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔پشاورکے لیڈی ریڈنگ ہسپتال سمیت خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں روزانہ ایسے درجنوں افراد زخمی حالت میں لائے جاتے ہیں ان رکشہ ڈرائیوروں کی وجہ سے حادثات کا شکار ہوجاتے ہیں جن میں بچوں،نوجوانوں اور بزرگوں کے علاوہ خواتین بھی شامل ہوتی ہیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں