0

خیبرپختونخوا میں افغان باشندوں کو مفت صحت سہولیات میسر ہیں، تیمور جھگڑا

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا میں مقیم افغان باشندوں کو مفت صحت سہولیات میسر ہیں۔ میڈیکل ٹورازم کے فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ پاک افغان تجارت اہمیت کی حامل اور دونوں ملکوں کے بہترین مفاد میں ہے۔ طورخم بارڈر بین الاقوامی طور پر مصروف ترین بارڈر کراسنگ ہے۔ اسے ملکی موٹروے سسٹم کے ساتھ منسلک کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے پشاور میں افغان قونصل جنرل نجیب اللہ احمد زئی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ اور دیگر افغان حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ باہمی امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر تیمور جھگڑا نے افغان قونصل جنرل کو آگاہ کیا کہ پاک افغان دو طرفہ تجارت دونوں ملکوں کے بہترین مفاد میں ہے۔ کورونا وباء سے قبل وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق طورخم بارڈر کو 7/24 کھولا گیا۔ انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر بین الاقوامی سطح پر مصروف ترین بارڈر کراسنگ ہے جہاں پر پاکستان آنے یا افغانستان جانے والے مسافروں کے مفت کورونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ حال ہی میں میں انٹجن ریپڈ ڈائگناسٹک ٹیسٹ بھی بارڈر پر شروع کیا گیا ہے تاکہ مسافر بغیر کسی تکلیف اور انتطار کے آجا سکیں۔ صوبائی وزیر نے افغان وفد کو آگاہ کیا کہ پشاور طورخم موٹروے منصوبہ پر کام جاری ہے جو کہ پورے خطے میں تجارت کو دوام بخشے گا۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ صوبے میں میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور میڈیکل ویزہ کے لیے آسان طریقہ کار وضع کیا جائے گا تاکہ ہمارے افغان بھائی خیبرپختونخوا کے بڑے ہسپتالوں میں مہیا بہترین صحت سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام چھوٹے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں افغان باشندوں کا علاج معالجہ کیا جا رہا ہے اور انہیں مقامی شہریوں کی طرح مفت صحت سہولیات میسر ہیں۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں افغان قونصل جنرل نجیب اللہ احمد زئی نے صوبائی وزیر صحت کو صوبے کی تمام آبادی کے لیے صحت کارڈ منصوبہ شروع کرنے پر مبارکباد دی اور یہاں مقیم افغان باشندوں کی احسن طریقے سے میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔                            ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں