0

تیمور جھگڑا کا خیبر کے کیٹیگری ڈی ہسپتال کا اچانک دورہ

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے جمعرات کے روز صبح سویرے باڑا ضلع خیبر کے کیٹیگری ڈی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر مقامی ممبر صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نیاز محمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر تیمور جھگڑا نے ہسپتال میں تمام تر سہولیات کا معائنہ کیا اور وہاں علاج کی غرض سے شہریوں سے ہسپتال میں مہیا کی جانے والی صحت سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال میں مختلف سروسز بشمول الٹراساؤنڈ شروع کرنے پر ایم ایس ستائش کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ تیمور جھگڑا نے ہسپتال انتظامیہ کو صحت سہولیات کو بہتر کرنے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں محکمہ صحت جانب سے ہر ممکن معاونت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر احساس پروگرام کے تحت فراہم کردہ سہولیات کا بھی جائزہ بھی لیا گیا اور صوبائی وزیر نے ہسپتال عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ تیمور جھگڑا نے ہسپتال کے کچھ حصوں میں واش رومز کی مرمت اور سولر سسٹم کو دوبارہ فعال کرنے کے احکامات جاری کیے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے باڑا ہسپتال انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جائے گا تاکہ باڑا کی عوام کو مزید بہتر اور بروقت صحت سہولیات میسر آ سکیں۔ قبل ازیں ہسپتال آمد پر انتظامیہ نے درپیش مسائل کے حوالے سے صوبائی وزیر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔                                                         ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں