0

ملاکنڈ ڈپٹی کمشنر کی سخت ہدایت

          ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز فورس ریحان خٹک نے متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع بھر میں مفاد عامہ کے ترقیاتی منصوبوں کی تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اسے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں تاکہ مذکورہ پراجیکٹس بروقت مکمل ہوکر ان کے ثمرات سے جلد عوام مستفید ہوسکیں۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام کے رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی شکیل احمد ایڈوکیٹ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلاننگ وسیم خان کے علاوہ تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کروڑوں روپے کی متعدد جاری اور نئے منصوبوں پر  تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا  جن میں بجلی کی ترسیل،پینے کے لیے صاف پانی کی فراہمی،ایریگیشن،گلیوں کوچوں کی پختگی وغیرہ کے منصوبے شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ان منصوبوں میں تاخیر ی حربے برداشت کئے جائیں گے بصورت دیگر اگر کسی بھی افسر یا اہلکار اور ٹھیکیدار کو غفلت کا مرتکب پایا گیا تو ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائیگا۔انہوں نے تمام افسروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ نئے تمام منصوبوں کے لیے پی سی ون اور دیگر قانونی تقاضوں کو جلد ازجلد مکمل کرکے متعلقہ حکام کو بھیجوائیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں