0

چین ہمارے صبر کا امتحان نہ لے، بھارتی آرمی چیف

نئی دہلی (مانند نیوز ڈیسک) چین کے ساتھ مشرقی لداخ میں تقریبا دس مہینوں سے جاری تعطل کے دوران بری فوج کے سربراہ جنرل نروانے نے کہا ہے کہ ہندوستان بات چیت اور ڈپلومیٹک کوششوں سے مسائل کا حل کرنے کے حق میں ہے لیکن کسی کو بھی ہمارے صبر کا امتحان لینے کی غلطی نہیں کرنی چاہئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آرمی ڈے کے موقع پر پریڈ گراونڈ میں اپنے روایتی تقریر میں جنرل نروانے نے کہا ہے کہ گزشتہ برس فوج کے لئے بے حد چیلنج سے پر رہا ہے۔ شمالی سرحد پر چین کے ساتھ جاری تناو سے سبھی واقف ہیں۔ملک کی سرحدوں پر یکطرفہ تبدیلی کی سازش کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ  میں ملک کو یقین دلانا چاہوں گا کہ گلوان کے بہادروں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔ہندوستانی فوج ملک کی اقتدار اعلی اور سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔ ہم بات چیت اور ڈپلومیٹک کوششوں سے تنازعات کے حل کے تئیں پرعزم ہیں لیکن کوئی بھی ہماری صبر کا امتحان لینے کی غلطی نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی کمانڈروں کی سطح کے آٹھ دور کی بات چیت ہوچکی ہے اور مسلسل اور باہم سیکورٹی کے اصول پر موجودہ صورت حال کا حل نکالنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ مشرقی لداخ میں ایل اے سی پر تعینات جوانوں کے حوصلے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زبردست ٹھنڈ اور مشکل صورت حال کے باوجود ہمارے فوجیوں کا عزم ان پہاڑوں کی چوٹیوں سے زیادہ بلند ہے جن کی وہ مستعدی کے ساتھ نگرانی کررہے ہیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں