0

تمام ٹی ایم ایز میں بلڈنگ انسپکٹرز کی اسامیوں کیلئے نئی پالیسی بنائی جائے، صوبائی وزیر بلدیات

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خوبصورتی، جدت اور تزین و آرائش کے لیے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کی خالی اراضی پر پلے لینڈ، پارکس اور دیگر تفریحی مقامات بنائے جائیں گے۔ جبکہ شہروں اور گردونواح میں بننے والے پلازوں میں ضروریات زندگی کی سہولیات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ کار پارکنگ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹی ایم ایز کا بنیادی کام میونسپل سروسز کی فراہمی ہے جبکہ ڈویلپمنٹ کا کام ان کی ثانوی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اکبر ایوب خان نے حکام کو ہدایت کی کہ رورل ایریا میں بھی نقشہ کی منظوری کے بغیر کوئی بلڈنگ نہیں بنائی جائے گی۔یہ ہدایات انہوں نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ ممبر صوبائی اسمبلی فیصل آمین خان، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات، ایڈیشنل سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید رحمان اور ڈی آئی خان، کلاچی، پہاڑپور، درابن و پاروا کے تحصیل میونسپل آفسران اس موقع پر موجود تھے۔وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ پی ایف سی فنڈ سے صفائی کے نظام میں بہتری لانے کے لئے ٹرک، کنٹینرز اور دیگر صفائی کی مشینری خریدی جائے تاکہ کم افرادی قوت کی ضرورت ہو اور کم وقت میں زیادہ کام ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹی ایم ایز فیول کارڈ کا استعمال یقینی بنائیں۔ جبکہ بازاروں میں سٹریٹ لائٹس لگانے، واش رومز تعمیر کرنے اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اکبر ایوب خان نے ہدایت کی کہ تمام ٹی ایم ایز میں چہرے کی شناخت سے حاضری لگوانے کے سسٹم کو فوراً فعال بنایا جائے اور تمام ملازمین کو ان کے حاضری کے نسبتاً تنخواہیں دی جائیں۔ جبکہ جو ملازمین اپنے دفتر کے علاؤہ دیگر جگہوں پر کام کررہے ہیں ان کو فوراً واپس اپنے متعلقہ دفاتر میں بلوایا جائے اور جو نہیں آتے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ممبر صوبائی اسمبلی فیصل آمین خان نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں تحصیل میونسپل سروسز کی فراہمی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لیے تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ اربن اور رورل ایریاز کے مسائل میں بہت حد تک کمی آئی ہے تاہم ابھی بھی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کو مزید محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں