0

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری

 اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) ملک بھر میں سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا، بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند چھائی رہی،موٹروے مختلف مقامات پر بند رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری رہا،ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری نے ٹھنڈ کی شدت بڑھا دی۔ سوات، لوئر دیر، وادی لیپہ، چلاس، دیامر اور نیلم میں برفباری ہوئی جبکہ مظفر آباد، مانسہرہ، سیدو شریف میں بارش ہوئی۔مری میں 24 گھنٹے کے دوران 6 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی اور ملک بھر سے سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کر لیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق ایک روز میں 35 ہزار سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔ سڑکوں پر برف جم جانے کے باعث پولیس نے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی جبکہ ایبٹ آباد کو مری سے ملانے والی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو بھی خبردار کر دیا۔ کراچی میں سردی کی نئی لہر کا امکان ہے اور درجہ حرارت 7 ڈگری تک گرنے کی پیشگوئی کر دی گئی۔دوسری جانب پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید دھند کا سلسلہ جاری  رہا۔ موٹروے کو ایم تھری لاہور سے سمندری تک بند کر دیا گیا جبکہ قومی شاہراہ پر لاہور، قصور، مانگا منڈی سمیت کئی مقام پر حد نگاہ 100 میٹر تک رہ گئی۔ٹھوکر نیاز بیگ سے شیخوپورہ انٹرچینج تک ٹریفک کو بند کر دیا گیا تاہم پولیس نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں